ملتان16جون ) اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل انتظامیہ کا اہم اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو،ڈی سی خانیوال سلمیٰ سلیمان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں پرائس کنٹرول، تجاوزات، شجرکاری، ستھرا پنجاب مہم اور عید الاضحیٰ صفائی آپریشن سمیت متعدد عوامی فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ ٹماٹر، پیاز، لیموں سمیت اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی چڑھاو ناقابلِ قبول ہے۔ اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو منڈیوں سے مارکیٹس تک سپلائی چین کی ذاتی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ پرائس کنٹرول کیلئے تھانہ کی سطح پر مجسٹریٹس کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی مافیا پر کڑی نظر رکھ کر سخت کارروائی کی جائے گی اور عوامی ریلیف کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔ ریڑھی بازار اور کسان سہولت مراکز کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ شہری براہ راست مستفید ہو سکیں۔کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کو عید الاضحیٰ صفائی آپریشن کی طرز پر مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر بھرپور شجرکاری کی جائے۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان نے کہا کہ ملتان کی ادبی و ثقافتی شخصیات کے گھروں پر اعزازی تختیوں کی تنصیب کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ فن و ادب سے وابستہ شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنائیں اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے محرم الحرام کے حوالہ سے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موثر سکیورٹی حکمت عملی اور متعلقہ عملے کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ عوامی مفاد میں تعمیراتی ملبہ سڑکوں پر پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر وارننگ دی گئی ہے، تاہم آئندہ مرحلے میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ملتان ، کاشف ،ریحانہ