ہارون اختر خان سے ازبک سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعاون پر اہم گفتگو

3

اسلام آباد ،23 جون (اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری، ہارون اختر خان سے ازبکستان کے سفیر علیشیر تختیو نے یہاں  ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ازبک سفیر نے پاکستانی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبہ جات میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا، جن میں زراعت، فارماسیوٹیکل، بجلی، خوراک اور ای-کامرس شامل ہیں۔ ملاقات میں خصوصی اقتصادی زونز میں مشترکہ سرمایہ کاری، پبلک پروکیورمنٹ میں تعاون اور تعمیراتی مواد میں مشترکہ پیداوار کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان تجارت کو دو ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ازبک سفیر نے پاکستانی ڈیجیٹل کمپنیوں کو ای-کامرس میں اشتراک کے لیے دعوت دی جبکہ فیرس اور نان،فیرس دھاتوں کی پیداوار میں اشتراک کی پیشکش بھی کی گئی۔

 ملاقات میں فوڈ اور زرعی اشیاء کی تجارت میں فائیٹوسینیٹری تعاون کو بھی اہم قرار دیا گیا۔فریقین نے ازبکستان میں “میڈ اِن پاکستان” نمائش کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ 25 جون کو کراچی میں ہونے والے ازبک،پاکستان بزنس فورم کو دونوں ممالک کے نجی شعبے کے لیے اہم موقع قرار دیا۔

ملاقات کے دوران ازبکستان کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی تجویز پر بھی بات چیت کی گئی۔ واضح رہے کہ 14 جون سے تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز ہو چکا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سفری و تجارتی روابط کو مزید فروغ دے گا۔