‎آر ڈبلیو یو کی ترقی ، خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے جس نظریہ کے تحت منصوبہ بنایا وہ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے،وائس چانسلر ڈاکٹر انیلا کمال

195

‎راولپنڈی،27جولائی  (اے پی پی):راولپنڈی وویمن یونیورسٹی (آر ڈبلیو یو) کی بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے  کہا ہے کہ طالبات کو روشن مستقبل و اعلیٰ تعلیم کے لئے اپنی صلاحیتوں کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے ، اپنے چار سالہ دور میں پوسٹ گریجویٹ کالج کو خواتین کی یونیورسٹی میں تبدیل کیا جس کے بعد جامعہ کی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے جس نظریہ کے تحت منصوبہ بنایا تھا وہ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے ۔

‎اے پی پی ‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں  نے بتایا کہ یہ جامعہ جس کا قیام 1951 میں پوسٹ گریجویٹ کالج  کے طور پر ہوا تھا جو اب  یونیورسٹی کے طور پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک متحرک مرکز میں تبدیل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب میں نے شمولیت اختیار کی تو اس  کا وجود نہیں تھا مگر  آج ہماری 97 فیصد فیکلٹی اعلیٰ اداروں سے پی ایچ ڈی ہولڈرز ہیں، جو ہماری کامیابی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

‎ڈاکٹر انیلہ نے کہا کہ یونیورسٹی ایک مضبوط انتظامی ٹیم اور اپ گریڈ شدہ سہولیات کی مالک ہے  جس میں 12 جدید ترین کمپیوٹر لیبز، ایک جدید آڈیٹوریم  اور راولپنڈی اور اسلام آباد کی یونیورسٹیوں میں بے مثال زوالوجی لیب شامل ہیں۔ہم نے طلباء کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے خستہ حال کلاس رومز اور لیکچر ہالز کو ٹھیک کیا۔تعلیمی ترقی کے بارے ایک سوال پر  وائس چانسلر نے انڈرگریجویٹ پروگراموں کو 11 سے 15 تک بڑھانے، 2023 میں 12 ایم فل پروگرامز شروع کرنے  اور آئی ٹی جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 10 پی ایچ ڈی پروگرام متعارف کرانے پر روشنی ڈالی۔

‎انہوں نے کہا کہ حکومت کے نیشنل ایکشن پلان کے تحت خواتین کو بااختیار بنانا آر ڈبلیو یو  کے سفر کے پہلے چار سالوں کے دوران یونیورسٹی کا بنیادی مرکز رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے طلباء میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے مقابلے، جاب فیئرز، اور تحقیقی پروگرامز متعارف کروائے ہیں تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں استعمال کرسکیں۔یونیورسٹی کی بین الاقوامی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈاکٹر انیلا نے بتایا کہ سلک روڈ الائنس میں یونیورسٹی  کی مستقل رکنیت، جو کہ حال ہی میں حاصل کی گئی ہے جس میں  19 ممالک کو مکمل فنڈڈ ایکسچینج پروگرام شامل ہے جبکہ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ملائیشیا جیسے اداروں کے ساتھ تحقیق میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء نے انجینئرنگ فیکلٹی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پنجاب ایچ ای سی کے ایونٹ جیسے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔وائس چانسلر نے فخر کے ساتھ بتایا کہ یونیورسٹی کے نابینا طالب علم کو قومی نابینا کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا جس نے آسٹریلیا میں یونیورسٹی کی نمائندگی کی۔

‎مالی امداد اور وظائف کے بارے میں ڈاکٹر انیلہ  نے کہا کہ ہم نے 700 اسکالرشپس اور فیکلٹی کی مالی امداد سے مستحق طلباء کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تجاویز متعارف کروائیں۔