راولپنڈی، 27 جولائی ( اے پی پی): پاکستان کی عسکری تاریخ کے پہلے نشانِ حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے عظیم سپاہی، کیپٹن محمد سرور شہید کا 77واں یومِ شہادت آج پورے ملک میں عقیدت، فخر اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔
کیپٹن محمد سرور شہید وہ مایہ ناز سپاہی تھے جنہوں نے 27 جولائی 1948 کو کشمیر کے محاذ پر جامِ شہادت نوش کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی سپاہی مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
تلپترا پہاڑی پر دشمن کی ایک مضبوط دفاعی پوزیشن پر حملے کے دوران، جب بھارتی افواج کی جانب سے خار دار تاروں اور شدید گولہ باری کی رکاوٹ درپیش آئی، تو کیپٹن سرور نے نہ صرف زخمی ہونے کے باوجود پیش قدمی جاری رکھی بلکہ ذاتی طور پر آگے بڑھ کر تار کاٹنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے اپنے چھ ساتھیوں کے ہمراہ دشمن کے انتہائی قریب پہنچ کر دستی بموں سے شدید نقصان پہنچایا۔ اسی دوران دشمن کی مشین گن کی فائرنگ سے وہ شہید ہو گئے، مگر ان کی قربانی کی بدولت مطلوبہ ہدف کا حصول ممکن ہوا۔
کشمیر کی وادیاں آج بھی ان کے بے مثال جذبے اور قربانی کی گواہ ہیں۔ کیپٹن محمد سرور شہید کی جرأت و شجاعت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آج مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں ان کے مزار پر پھول چڑھائے گئے اور قرآن خوانی کی گئی۔











