اسسٹنٹ کمشنر سیدہ حمیرا شاہ کا اراضی ریکارڈ سینٹر اور تحصیل آفس کا دورہ

2

ملتان،01 جولائی(اے پی پی ): اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ  حمیرا شاہ نے آج اراضی ریکارڈ سینٹر اور تحصیل آفس کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا اور سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے اراضی ریکارڈ سینٹر میں موجود سائلین سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے ریکارڈ کے اندراج، فرد کے اجرا اور انتقالات کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت اور شفاف سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی قسم کی تاخیر یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل آفس کا بھی دورہ کیا اور مختلف برانچز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کی حاضری، صفائی کی صورتحال اور ریکارڈ کی ترتیب و تدوین کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ سرکاری دفاتر عوام کی خدمت کے لیے ہیں، لہٰذا ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویے کے ساتھ پیش آئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں بہتری اور شفافیت ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں اچانک دورے جاری رہیں گے۔