اسسٹنٹ کمشنر کا ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے ہمراہ شجاع آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ

1

ملتان،10 جولائی(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حسیب کھوکھر کے ہمراہ تحصیل شجاع آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران یونین کونسل بستی میٹھو،مٹوٹلی،رکن ہٹی اور قیصرپور میں عطائیت کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ بغیر لائسنس کے کام کرنے والے عطائی ڈاکٹروں کے کلینکس کو سیل کر دیا گیا۔اور عطائی ڈاکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

علاوہ ازیں، غیر قانونی طور پر ایل پی جی سلنڈرز فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خطرناک سلنڈرز قبضے میں لے لیے گئے اور دوکانات کو سیل کردیا گیا۔ اس موقع پر غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں اور متعلقہ مقامات کو سیل کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگزاجازت نہیں دی جائے گی،اور تحصیل بھر میں عطائیت،غیر قانونی ایل پی جی اور منی پیٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔