لاہور، 2 جولائی (اے پی پی): اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم کے سینئر نیشنل کنسلٹنٹ اور سابق آئی جی طارق کھوسہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا اور انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ UNODC وفد میں نیشنل کنسلٹنٹ ایڈیشنل آئی جی (ر) سرمد سعید، نیشنل پروگرام مینیجر بیت اللہ خان، علی امتنان اور دیگر اراکین شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو صوبے میں منظم جرائم کے خاتمے کے لیے پنجاب پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت قائم کردہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ملاقات میں یو این او ڈی سی اور پنجاب پولیس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے ہوا۔ منظم جرائم کی روک تھام کے لیے بین الصوبائی رابطہ، ایف آئی اے، نیکٹا، دیگر سکیورٹی اداروں اور سول سوسائٹی کی مشاورت سے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، دہشت گردی، سائبر کرائم، منی لانڈرنگ، غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے جرائم سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر یکساں لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ یو این او ڈی سی ملک بھر میں منظم جرائم کے خلاف آگاہی اور بہتری کے لیے مشاورتی ورکشاپس اور سیمینارز بھی منعقد کرے گا۔ وفد نے شہداء اینڈ غازی والز، پولیس میوزیم، کانسٹیبلری لاؤنج سمیت سی پی او کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سابق آئی جی پنجاب طارق کھوسہ نے اپنی تصنیف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو پیش کی، جبکہ وفد اور آئی جی پنجاب کے درمیان تحائف (سووینئرز) کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی فنانس، اور اے آئی جی مانیٹرنگ سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔











