لاہور، 20 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام” کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے بینک آف پنجاب اور محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین اور بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان اور بینک آف پنجاب کے نمائندہ عمر خان نے دستخط کیے۔وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران تمام گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کی فنانسنگ بینک آف پنجاب کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سالانہ اہداف کی بروقت تکمیل کے لیے ایم ایف آئیز (مائیکروفنانس اداروں) کی تجاویز بھی منظور کر لی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 52 ہزار افراد کو 60 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں، جب کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ماہانہ اقساط کی مد میں 90 کروڑ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔ اگلے ماہ تک 10 ارب روپے سے زائد کی رقم مزید درخواست گزاروں میں تقسیم کی جائے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ ایک سال کے اندر ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کا ہدف دیا گیا ہے، جسے کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ قرض کے حصول اور درخواست جمع کرانے کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے، اور شہری 080009100 پر کال کر کے مکمل رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔تقریب میں اخوت کے سی ای او ڈاکٹر کامران، آر سی ڈی پی کے مرتضیٰ کھوکھر اور این آر سی پی کے ریجنل منیجر جواد رحمانی بھی شریک تھے۔











