اسلام آباد: 15 جولائی )اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور عراق کے مقدس مقامات کی زیارات کے لیے ایک نیا مربوط نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد زیارت کے عمل کو مزید منظم اور سہل بنانا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے زائرین گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔
آج پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد وزارت نے اشتہار جاری کیا، جس کے تحت اب تک 1400 سے زائد کمپنیوں نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ ان میں سے 585 کمپنیوں کو ابتدائی کلیئرنس کے بعد ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 31 جولائی تک آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں اور اپنی دستاویزات وزارت کو ارسال کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نئی درخواستوں کے لیے بھی ایک دوسرا اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت 10 اگست تک رجسٹریشن کے لیے اپلائی کیا جا سکتا ہے۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ زیارت مینجمنٹ پالیسی پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے، اور مستقبل میں زائرین کو بھی اسی طرز پر منظم طریقے سے بھیجا جائے گا جیسے حج کے لیے حج گروپ آرگنائزرز کے ذریعے عازمین حج روانہ ہوتے ہیں۔
اس وقت وزیر داخلہ محسن نقوی اور سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمٰن ایران میں سہ ملکی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، جہاں پاکستان، ایران اور عراق کے درمیان زائرین سے متعلق تعاون کو جدید نظام سے ہم آہنگ بنانے پر بات چیت ہو رہی ہے۔











