ملتان ، 12 جولائی (اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپورکے ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ کیا۔ ایمرجنسی میں مریضوں کا رش تھا اور ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں تھا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے علاج معالجہ کے لئے آئے مریضوں سے گفتگو کی مریضوں کی جانب سے فارمیسی سے ادویات نہ ملنے کی شکایات کی گئیں۔عدنان نامی ایک معذور مریض کے لواحقین نے بتایا کہ ان کا معذور مریض تین گھنٹے سے فرش پر تڑپ رہا ہے، وارڈ نہیں بھیجا جا رہا۔ایمرجنسی کے گیٹ کے سامنے پانی کا تالاب بنا ہوا تھا اور گزشتہ شب بارش کے پانی کی نکاسی پر توجہ نہیں دی گئی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ٹھنڈے کمروں میں براجمان تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب صورتحال دیکھ کر غصے میں آ گئے۔ایم ایس ڈاکٹر عامر محمود بخاری کو موقع پر طلب کیا گیا اور سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریض کسی مسیحا کے منتظر ہیں اور ہسپتال انتظامیہ انسپکشن کے بجائے دفاتر میں بیٹھے ہیں۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاح وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ایم ایس کی ادویات کے لئے کم بجٹ فراہم کرنے کی توجیح کو بھی غلط قرار دیا اور بتایا کہ حکومت نے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لئے بجٹ 79.50 ارب روپے کر دیا ہے جو کہ گزشتہ سال55 ارب روپے تھا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے رپورٹ حکومت کو ارسال کر دی ہے۔ دریں اثناء میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈائریکٹر ایمرجنسی سے جواب طلب کر لیا ہے۔a











