ملتان،08 جولائی (اے پی پی): جنوبی پنجاب کے شہروں کو خوبصورت بنانے کے منصوبوں پر تیزی سے عمل جاری ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کو ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ جنوبی پنجاب کے شہروں کو خوبصورت بنانے کے منصوبوں کے تحت خانیوال شہر کے چار بڑے بازاروں کو ماڈل پیڈسٹرین بازاروں میں تبدیل کرنے کے لیے منصوبہ بندی شروع کردی گئی ہے۔ ان بازاروں میں اکبر بازار، کچہری بازار، جنت روڈ، اور جامع مسجد روڈ شامل ہیں، جنہیں وہیکل فری زون (گاڑیوں سے پاک علاقے) بنایا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان چاروں بازاروں میں گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی جگہیں مختص کی جائیں گی،اور چھتریوں سے آراستہ بیٹھنے کے مقامات بنائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ فوڈ کورٹس قائم ہوں گے اور بجلی کا تمام نظام زیرِ زمین ہو گا۔ ان بازاروں میں داخلے کے لیے آٹھ داخلی دروازے بنائے جائیں گے۔بازاروں سے ملحقہ سڑکوں پر ہائیڈرولک اسپیڈ بریکرز لگائے جائیں گے جبکہ بازاروں کے اندر دیدہ زیب درخت اور بڑے پلانٹرز نصب کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یونیفارم برینڈنگ بھی کی جائے گی۔ شہریوں کو بازار کے اندر آمد و رفت کے لیے گالف کارٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر جنوبی پنجاب کے تمام شہروں کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔ تجاوزات کا خاتمہ کر کے سڑکوں کو کشادہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیڈسٹرین ماڈل بازاروں کا یہ منصوبہ خانیوال کے شہریوں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک تحفہ ہے۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس محمد کامران خان نے بھی اس منصوبے کو سراہا