ملتان،05جولائی (اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخترزمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں،محرم الحرام کے دوران تمام ادارے مکمل الرٹ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشربف کی ہدایت پرمحرم الحرام کے انتظامات کاجائزہ لینے کے لیے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکے ہمراہ ملتان کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ملتان شہر کے مرکزی عزاداری جلوس و مجالس، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اورآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم میں جلوسوں و مجالس کے مانیٹرنگ میکانزم کا بھی جائزہ لیا۔دونوں افسران نے جنوبی پنجاب کے 9 ویں محرم کے ممتاز آباد میں سب سے بڑے عزاداری جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پرکمشنرعامرکریم خان اورڈپٹی کمشنروسیم حامد سندھو نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کوانتظامات بارے بریفنگ دی۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے کہا کہ محرم الحرام میں تمام عزاداری جلوسوں، مجالس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پورے پنجاب میں 1 لاکھ 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار محرم الحرام کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔انہوں نے کہا کہ علما ئے کرام، منتظمین جلوس اور تمام اداروں، سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی رہی ہے۔
بعدازاں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امن کمیٹیوں کے ارکان، کمیونٹی لیڈرز، منتظمین عزاداری جلوسوں اور مجالس سے بھی ملاقات کی۔کمیونٹی لیڈرز، امن کمیٹیوں کے ارکان نے عاشورہ محرم کے دوران امن کے قیام کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں اور سکیورٹی انتظامات کو سراہا۔
اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، آر پی او ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری اور سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر بھی موجودتھے۔