لاہور، 04 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور صوبے میں موجودہ موسمی صورتحال و مون سون بارشوں کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی ڈی ایم اے سید جواد حیدر نے صوبائی وزیر کو مون سون بارشوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق کے مطابق، مون سون کا دوسرا سلسلہ 5 سے 10 جولائی کے دوران جاری رہے گا، جبکہ 6 جولائی کی رات سے شدید بارشوں کا آغاز متوقع ہے۔ رواں سال مون سون بارشیں معمول سے 25 فیصد زائد ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران ممکنہ بارشوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز ہمہ وقت فعال ہیں۔ صوبائی وزیر نے اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واسا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے بروقت نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں، اور دریاؤں، نہروں و ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انتظامیہ ان مقامات پر دفعہ 144 کا اطلاق یقینی بنائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔