ملتان ، 31 جولائی (اے پی پی ):عرس حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے زائرین کی حفاظت اور فوری طبی امداد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق دربار حضرت بہاؤالدین زکریاؒ اور دربار حضرت شاہ رکن عالمؒ پر خصوصی ریسکیو نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دو ایمبولینسز، آٹھ موٹر بائیک ایمبولینسز اور ایک فائر وہیکل موقع پر موجود ہے۔ زائرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے چار ریسکیو پوسٹس بھی قائم کر دی گئی ہیں، جہاں تربیت یافتہ عملہ ہر وقت خدمات کے لیے موجود ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں تمام آپریشنز کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔ ریسکیو 1122 کا عملہ زائرین کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہر وقت الرٹ ہے۔
ریسکیو 1122 کی یہ کوششیں زائرین اور عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قابل تحسین اقدام قرار دی جا رہی ہیں۔