سکھر، محرم الحرام سے قبل ہی ہم نے اپنا تفصیلی پروگرام مرتب کرکے عمل شروع کردیا ،ڈی آئی جی سکھر زون کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ

2

سکھر۔01جولائی(اے پی پی)ڈی ائی جی سکھر زون کیپٹن ریٹائرڈ فیصل عبداللہ چاچڑ نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے شروع ہونے سے پہلے ہی ہم نے اپنا تفصیلی پروگرام ترتیب دے کرعمل شروع کر دیا ہے، محرم الحرام شروع ہونے سے پہلے ہی تمام سٹیک ہولڈر سے میٹنگز کیں پھر ہم نے کمشنر سے میٹنگ کی اور آئی جی سے میٹنگ کی۔ڈی آئی جی سکھر زون کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تمام علمائے کرام اہلسنت و فقہ جعفریہ سے میٹنگ کیں ، ان سب کے ساتھ الگ الگ میٹنگز کیں، اس کے علاوہ ہم نے پیس کمیٹی کی چھوٹی بڑی ڈسٹرکٹ سطحوں پر میٹنگز کیں ۔ انہوں نے کہا کہ جتنی بھی ہماری ضروریات تھیں اس کے مطابق ہم نے اپنا پلان مرتب کیا، پلان کے مطابق ہماری تقریباً نو ہزار نفری تعینات ہوگی، مختلف اوقات میں مختلف جگہوں پر جہاں جلوس زیادہ ہوتے ہیں اور جہاں کم ہوتے ہیں نفری اس حساب سے تعینات ہوتی ہے جس میں سب سے زیادہ نفری کی تعیناتی حساس علاقے خیرپور ڈسٹرکٹ میں ہے جہاں تقریباًچار ہزار نفری تعینات ہوگی۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ تقریباً سکھر رینج میں ہمارے ساڑھے سات سو جلوس نکلتے ہیں جس میں سے 38 بہت حساس قسم کے ہیں باقی تقریباًحساس اور نارمل ہیں جبکہ محرم الحرام میں مجالس تقریباًتین ہزار سے زیادہ ہوتی ہیں، محرم الحرام میں جلوس اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے ہم پوری طرح تیار ہیں۔محرم الحرام کے حوالے سے ڈی آئی جی سکھر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ایک صبر کا مہینہ ہے قربانی کا مہینہ ہے تو ہم سب کو صبر اور درگزر سے کام لینا چاہیے، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنا چاہئے ۔