سیکرٹری پرائس کنٹرول کی زیر صدارت اجلاس،منڈیوں کی بہتری، شفافیت، اور آمدنی میں اضافے سے متعلق متعدد فیصلے

19

لاہور، 04 جولائی (اے پی پی): سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منڈیوں کی بہتری، شفافیت، اور آمدنی میں اضافے سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر سبزی و فروٹ منڈیوں میں جدید ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈی جی پامرا طارق بسرا نے محکمانہ امور اور جاری پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر کی سبزی و فروٹ منڈیوں میں مارکیٹ فیس کی وصولی آؤٹ سورس کرنے سے حکومتی ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس ماڈل کو مزید وسعت دے کر ریونیو اہداف میں اضافہ کیا جائے گا۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول نے کاچھا سبزی و فروٹ منڈی کو ماہ نومبر تک ماڈل منڈی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر مارکیٹ کمیٹیاں اپنے سالانہ اہداف مکمل نہ کر سکیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منڈیوں میں بولی کے اوقات کے دوران سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کی جیو ٹیگنگ مع تصاویر حاضری لازم ہوگی تاکہ نظام میں شفافیت لائی جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منڈیوں میں صفائی، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی، اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔ صفائی کے انتظامات لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے سپرد کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ افسران اور عملے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پیام ادارے کو فوری ٹریننگ ماڈیولز تیار کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ پرائس کنٹرول کے تحت تمام اتھارٹیز ڈیجیٹل ڈیٹا بیس اور مؤثر کوآرڈی نیشن کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن، ڈائریکٹر پامرا، ڈائریکٹر ای اینڈ ایم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔