لاہور۔28 جولائی ( اے پی پی ) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے بورڈآف ڈائریکٹرزکا38واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنزطارق محمورحمانی،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرمحمد وسیم،ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن جواد اکرم اور محکمہ پی اینڈ ڈی،محکمہ مال و دیگرمحکمہ جات کے افسران نے بطور ممبرشرکت کی۔پروفیسرڈاکٹرعامر زمان خان،پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان اور پروفیسرڈاکٹرزرفشاں طاہر کی اجلاس کے دوران بطورممبربورڈآف ڈائریکٹرزتعیناتی پر خیرمقدم کیاگیااور ویلکم کہاگیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر مختلف ہیلتھ پروفیشنلزکو کاروبار کیلئے بلاسودقرضوں کے چیک بھی تقسیم کئے۔پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے افسران نے منظوری کیلئے مختلف ایجنڈازپیش کئے۔اجلاس کے دوران بورڈآف ڈائریکٹرزکے37ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے دوران بورڈآف ڈائریکٹرزکے37ویں اجلاس میں لئے گئے فیصلوں پر عملدرآمدرپورٹ کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس کے دوران فنانشل اینڈٹیکنیکل کمیٹی کے91ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کردی گئی۔اجلاس کے دوران سینٹرالائزڈسٹائپنڈ ڈسبرسمنٹ پروگرام پربھی بریفنگ لی گئی۔اجلاس کے د وران پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے نارتھ اور ساؤتھ کیلئے 2نئے فیلڈ دفاتر کھولنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹ2024کی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرزکو بلا سود قرضوں کی ادائیگی اور ریکوری کے حوالہ سے پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے ڈاکٹرزکو کروڑوں روپوں کے بلاسودقرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔اس ادارے کے ذریعے ہسپتالوں میں ایچ آر کی کمی کو بھی پوری کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ! پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے جاری شدہ بلاسودقرضوں کی ریکوری99فیصدہے۔صوبہ بھرمیں ہزاروں ڈاکٹرزپنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن سے بلاسودقرضے حاصل کرکے باعزت طریقے سے کاروبار کر اور روزگارکمارہے ہیں۔











