صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت اجلاس، 189 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کا جائزہ

16

لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کی۔  اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی، اور پی ایم ڈی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر زاہد عزیز نے شرکت کی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ پی ڈی پی کے تحت ابتدائی طور پر 11 شہروں کے منصوبے (PC-1) منظور ہو چکے ہیں جبکہ جولائی میں مزید 10 شہروں کے پی سی ون کی منظوری متوقع ہے۔ منصوبے کے تحت مرحلہ وار 189 شہروں میں ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی، جن میں سے ابتدائی مرحلے میں 66 شہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مزید 36 شہروں کے لیے پی سی ون کی تیاری تیزی سے جاری ہے۔ اس میگا منصوبے کے تحت موجودہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ ساتھ جدید ڈرینج سسٹم بھی بنایا جائے گا۔ پہلی بار تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا جبکہ زیر زمین واٹر ٹینکس تعمیر کر کے بارش کے پانی کو محفوظ کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اربن فلڈنگ جیسے سنگین مسئلے کا مؤثر حل نکلے گا۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد نے پی سی ون کی تیاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی اور بتایا کہ چھوٹے شہروں میں سکیمیں ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل کر لی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایم یو اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹیاں منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کی نگرانی کریں گی۔