لاہور، 07 جولائی ( اے پی پی ) :صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان کے ہمراہ اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر وحید اصغر و دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سید احمد حسین گورنمنٹ جنرل کم ٹی بی ہسپتال مری، ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیف پلاننگ آفیسر اور ان کی ٹیم نے جاری پیش رفت بارے بریفننگ بھی دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔سید احمد حسین گورنمنٹ جنرل کم ٹی بی ہسپتال مری، ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا پر جاری پیش رفت تسلی بخش ہے۔ سید احمد حسین گورنمنٹ جنرل کم ٹی بی ہسپتال مری میں جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 31 اگست تک عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ 31 اگست 2025 تک ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 2 نئی کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔