لاہور، 30 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے ممبر صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کے ہمراہ لاری اڈا اور بادامی باغ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد، ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے “ستھرا پنجاب” پروگرام اور “مریم نواز کلینک آن ویلز” کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کو ترجیح دیتی آئی ہے۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبے حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ صحتِ عامہ کے منصوبوں کو بھرپور وسائل کے ساتھ ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو دہلیز پر طبی سہولیات اور بلا معاوضہ ادویات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” اور “کلینک آن ویلز” جیسے اقدامات عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ہیں، اور یہ منصوبے وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق عوامی سہولت کیلئے متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن پر عملدرآمد کیلئے پوری طرح سرگرم ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی سمیت دیگر متعلقہ ادارے صفائی کے بہترین انتظامات کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد لاہور کو ایک صاف ستھرا اور مثالی شہر بنانا ہے، جس میں شہریوں کا تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔











