صوبائی وزیر صحت کا میو ہسپتال کا اچانک دورہ، مریضوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

7

لاہور، 25 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اچانک میو ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے او پی ڈی، فارمیسی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ہسپتال میں کیو مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے، ٹوکن نمبر سسٹم میں بہتری لانے، مریضوں کی سہولت کے لیے بینچز بڑھانے اور ایئر کنڈیشنرز کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران ایمرجنسی وارڈ میں ایک پوسٹ گریجویٹ ٹرینی (PGR) کو موبائل فون کے استعمال پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ بعد ازاں، صوبائی وزیر نے سرجیکل ٹاور میں واقع گھڑی وارڈ کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر سی ای او میو ہسپتال پروفیسر ہارون حامد اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالمدبر بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہم سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، مریضوں سے براہ راست فیڈ بیک بھی لیا جا رہا ہے تاکہ خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ مریضوں کا رش مدنظر رکھتے ہوئے نئے ہسپتالوں کی تعمیر کا عمل بھی جاری ہے۔