لاہور،10 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر قانون و تعمیرات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی پولیٹیکل چیف نھکل لاکھن پال اور پولیٹیکل اسپیشلسٹ محمد دائم فاضل بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ٹیکنالوجی کے استعمال اور دیگر ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صوبائی وزیر نے وفد کو محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ایک سالہ کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 12 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ عوامی خدمت کے مشن کے تحت ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے شاہراہوں پر جدید AI ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر کی ترقی کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹول پلازوں پر کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ڈیش بورڈ سسٹم کا قیام اور ای-ٹینڈرنگ جیسے جدید اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں ضلعی اور تحصیل بارز کو بلا امتیاز گرانٹس دی گئی ہیں، جبکہ خواتین وکلاء کے لیے خصوصی فی میل بارز کی تعمیر کا منصوبہ بھی رواں سال مکمل کیا جائے گا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کے اقدامات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپوزیشن اراکین عوامی خدمت کے بجائے صرف بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کی سیاست میں مصروف ہیں۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور گڈ گورننس کے وژن کو سراہا اور باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔











