لاہور، 19 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے لائیو سٹاک کارڈ فیز ون کی ریکوری، فیز ٹو کی پیش رفت، دیہی خواتین میں اثاثہ جات کی تقسیم کے دوسرے مرحلے اور دیگر انشیٹیوز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیلاب کے پیش نظر ہنگامی پلان پر عملدرآمد کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر لائیو سٹاک نے بتایا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیز ون کی 95 فیصد ریکوری مکمل ہو چکی ہے جس پر تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز اور افسران کو شاباش دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فیز ٹو کے تحت 3 لاکھ جانوروں کے لیے بلا سود قرض جاری کیا جائے گا، جبکہ مویشی پال کسان کے لیے جانوروں کی حد 5 سے بڑھا کر 20 کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو کے لیے اب تک ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور اربن یونٹ نے ایک لاکھ 61 ہزار جانوروں کی فزیکل ویری فکیشن مکمل کر لی ہے۔ ہر نیا جانور ٹیگ کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع کی دیہی خواتین کو فیز ٹو میں 5500 جانور فراہم کیے جائیں گے۔ اثاثہ جات کی تقسیم کے حوالے سے 58 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ اس اسکیم میں درخواستوں کی وصولی 20 جون سے 20 جولائی تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں وزیراعلیٰ کے نئے منصوبوں کے لیے مختص رقم پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر لائیو سٹاک نے ضلع بہاولنگر میں “ڈیزیز فری زون” کے قیام کے لیے فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری اور ایک الگ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ زون نہ صرف معیاری نسل کے جانوروں کی برآمدات کے لیے ایک مرکز بنے گا بلکہ ہرڈ ٹرانسفارمیشن کے ذریعے ملک میں گوشت اور دودھ کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہو گا۔











