لاہور، 24 جولائی (اے پی پی): پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی کو مؤثر بنانے کے مشن پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کے 10 اضلاع میں نئے واساز (واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسیز) کے قیام اور ان میں بہترین پیشہ ور افسران کی تعیناتی کے لیے وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت سرچ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 30 افسران کے انٹرویوز کیے گئے، جن میں سے سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر 20 افسران کو ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز کے عہدوں پر تعینات کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور دیگر کمیٹی ممبران شریک ہوئے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ نئے واساز ضلع سیالکوٹ، حافظ آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، جھنگ، جہلم، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور آپریشنل امور کی نگرانی کے لیے محنتی اور ایماندار افسران تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بڑے شہروں کے انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ جدید ماڈل اور تکنیکی ماہرین کی مدد سے نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ صرف بہترین پیشہ ورانہ خدمات کے حامل افسران ہی ان اہم ذمہ داریوں پر تعینات ہوں گے۔











