لاہور، 30 جولائی (اے پی پی) – گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں ہونے والی حالیہ ہنگامہ آرائی اور اس کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام سپیکر نے گورنر پنجاب کو اسمبلی اجلاس کے دوران پیش آنے والی صورتحال اور ایوان میں پیدا شدہ کشیدگی سے مکمل طور پر آگاہ کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے قائم مقام سپیکر کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں انہوں نے ہنگامہ آرائی کے ماحول میں ایوان کی کارروائی کو سنبھالا، وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے ارکان جو اسمبلی میں اپنے حلف کی پاسداری نہیں کرتے اور ایوان کے تقدس کو پامال کرتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ گورنر نے کہا کہ کسی رکن کو آئین و قانون اپنے ہاتھ میں لینے اور ایوان میں نازیبا الفاظ یا غیر اخلاقی رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا تقدس ہر حال میں قائم رکھا جائے گا، جبکہ ایوان میں لڑائی جھگڑا، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی ناقابل برداشت ہے اور یہ غیر جمہوری طرز عمل ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی صوبے کا چہرہ ہے، جو دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے، اس لئے اسمبلی کے ماحول کو خوشگوار اور آئینی دائرے میں رکھنا ضروری ہے۔ قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ بار بار ہنگامہ آرائی اور اسمبلی کا ماحول خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور اسمبلی کے تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہوں گے، جبکہ سپیکر کا کردار ایک باپ کی مانند ہے جو سیاست سے بالاتر ہو کر ایوان کو چلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا تقدس کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔











