لاہور میں موسلا دھار بارش کے بعد وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا نکاسی آب کے انتظامات کا ہنگامی جائزہ

8

لاہور، 23 جولائی (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلا دھار بارش کے بعد وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے علی الصبح اندرون شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا تاکہ نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورے کے دوران انہوں نے مال روڈ، لکشمی چوک، میو ہسپتال، شاہ عالم مارکیٹ، بھاٹی گیٹ، مینار پاکستان اور ملحقہ نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید، ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر ہاؤسنگ نے واسا کے فیلڈ افسران سے نکاسی آب کے جاری کام، درپیش چیلنجز اور ممکنہ حل سے متعلق تفصیلی استفسار کیا۔ بلال یاسین نے واسا کے فیلڈ سٹاف کو وردی میں دورانِ ڈیوٹی مستعدی سے کام کرنے پر شاباش دی اور ان کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ نے بتایا کہ شہر کی بڑی شاہراہیں اور انڈر پاسز کی اکثریت سے پانی نکال کر انہیں کلیئر کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔