لاہور، 30 جولائی (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کے تحت ہفتہ وار پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا، ایم ڈی واسا غفران احمد، نیسپاک حکام اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر بلدیات کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت 2829 گلیوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ ایم سی ایل 2756 گلیوں پر کام کر رہی ہے جبکہ مزید 58 گلیوں پر جلد تعمیراتی کام شروع ہوگا۔ واسا نے 645 گلیوں میں کام مکمل کر لیا ہے اور 530 گلیوں میں کام جاری ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ایل ڈی پی کا فیز ون تکمیل کے قریب ہے، اور فیز ٹو کے تحت علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی ٹاؤن میں جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ فیز ٹو کی 138 سکیموں میں سے 128 پر ورک ایوارڈ جاری ہو چکا ہے جن میں اقبال ٹاؤن کی 73، واہگہ کی 44 اور عزیز بھٹی ٹاؤن کی 21 سکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے نیسپاک کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی کلئیرنس کے وقت میں کمی کی جائے اور تمام محکمے ٹائم لائن کے مطابق منصوبے مکمل کریں۔ نیسپاک کو 10 اگست تک تمام کام مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی گئی۔ وزیر بلدیات نے کنٹریکٹرز کی مسلسل نگرانی، لیبر کی تعداد بڑھانے اور سڑکوں و گلیوں کی نگرانی کے لیے ایم سی ایل کو خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوتعمیر شدہ گلیوں کو این او سی کے بغیر توڑنے پر مقدمہ درج ہوگا اور جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس پابندی سے وفاقی و صوبائی ادارے بھی مستثنیٰ نہیں ہوں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی سی سی کی بجائے ٹف ٹائلز کے استعمال کو ترجیح دی جائے تاکہ پائیداری اور خوبصورتی دونوں ممکن ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مثالی گاؤں، لاہور ڈویلپمنٹ اور پی ڈی پی وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکومت کے منفرد اور عوام دوست منصوبے ہیں، جن کے ذریعے شہریوں کو سیوریج، ڈرینج اور خوشنما گلیوں کی صورت میں بڑا ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بارشوں سے پیدا شدہ تعطل کے باوجود افسران کی محنت اور بہتر حکمتِ عملی سے تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں گے۔











