ملتان، 29جولائی(اے پی پی):ملتان کے علاقے بوعہ پور میں قائم پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پوسٹ پر سولر سسٹم کی تنصیب کا افتتاح کر دیا گیا ، ریجنل آفیسر سلیم خان نیازی نے سولر سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی مہر افضل، انچارج پوسٹ سب انسپکٹر عثمان، پبلک ریلیشن آفیسر وسیم عباس اور دیگر افسران و ملازمین موجود تھے۔ریجنل آفیسر سلیم خان نیازی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولنگ پوسٹس کی کارکردگی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، سولر سسٹم کی تنصیب ادارے کو توانائی کے شعبے میں خودکفیل بنانے کی طرف پہلا قدم ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع ساہیوال، پاکپتن، اور ملتان کی دیگر پٹرولنگ پوسٹوں پر بھی سولر سسٹمز کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جب کہ آئندہ مرحلے میں ضلع وہاڑی سمیت تمام اضلاع کی پٹرولنگ پوسٹوں پر بہت جلد سولر سسٹم نصب کر دیے جائیں گے۔ سولر سسٹم کی تنصیب نہ صرف بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے گی بلکہ اخراجات میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی ایک مثبت قدم ثابت ہوگی۔











