نان فارمل ایجوکیشن رپورٹ 2023-24 کا اجراء، زیرو آؤٹ آف اسکول چائلڈرن ہدف مقرر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

60

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بدھ  کو یہاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نان فارمل ایجوکیشن کی سالانہ رپورٹ 2023-24 کا باقاعدہ اجراء کیا۔

رپورٹ کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نان فارمل ایجوکیشن تک رسائی، معیار اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے ڈیٹا کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے رپورٹ کو نان فارمل ایجوکیشن کے لیے پالیسی سازی میں معاون ایک اہم ڈیٹا بیس قرار دیا۔

تقریب میں وفاقی سیکریٹری تعلیم ندیم محبوب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ رپورٹ جائیکا کے AQAL پروجیکٹ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن (PIE) کے تعاون کا نتیجہ ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ نان فارمل ایجوکیشن کے لیے EMIS سیل مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے جبکہ وفاقی نان فارمل ایجوکیشن پالیسی 2025 کی تیاری جاری ہے جس کا ہدف زیرو آؤٹ آف اسکول چائلڈرن حاصل کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان برائے نان فارمل ایجوکیشن 2025 پر بھی کام جاری ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کو ترجیح دے رہی ہے اور اساتذہ کے لیے ایک جامع مینجمنٹ فریم ورک اور اسٹینڈرڈ اسسمنٹ سسٹم بھی متعارف کروایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسیلریٹڈ لرننگ پروگرامس کے ذریعے اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم کے نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ اس رپورٹ سے حاصل شدہ ڈیٹا کا بھرپور استعمال کریں۔ وفاقی وزیر نے پائی اور جائیکا کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے اشتراک کا مظہر ہے۔