ملتان، 25جولائی(اے پی پی):نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر انتظام سالانہ 53واں امام حسینؓ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے عالمی شہرت یافتہ حجتہ السلام والمسلمین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب فرمایا ،کانفرنس میں وائس چانسلر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر سید احمر حسین، پرنسپل الائیڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر عبدالستار انجم، پرنسل نرسنگ کالج قمر النسا، ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سیدہ علی، ڈائریکٹر مینیجمنٹ ڈاکٹر عامر اسد، ڈاکٹر سجاد رضا، ڈاکٹر الطاف باقر، ڈاکٹر علی احمد نقوی نے شرکت فرمائی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے قیام امام حسین علیہ السلام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر امام حسین علیہ السلام قیام نہ فرماتے تو اسلام کی اجتماعی شکل مسخ ہو جاتی امام حسین علیہ السلام کے اہلبیت و انصار کی شہادت نے اسلام کو ایک نئی زندگی بخشی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کا کہنا تھا کہ کربلا ہمیں حریت و مقاومت کا درس دیتی ہے کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ حالات ہم پر جتنے بھی دشوار ہوجائیں ہمیں تب بھی ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی ہے ۔غزہ کے موجودہ حالات اور انکی مزاحمت امام حسینؓ کے کربلا کے درس کے بغیر ممکن نہ تھی آج مسلمانوں کو چاہیے کہ غزہ کے معاملے میں حسینیؓ کردار ادا کریں اور انکی ہر ممکنہ کریں کانفرنس میں نشتر یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی طلبا و طالبات نے منقبت، قصیدہ اور مرثیہ بھی پیش کیا۔











