وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام، ملتان میں پیدائش و اموات کے اندراج کی فیس معاف

17

ملتان،26جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام دوست اقدام کے تحت پیدائش و اموات کے اندراج اور سرٹیفکیٹ کے اجرا کی فیس معاف کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور شہریوں کو اندراج کی ترغیب دینا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے اس بات کا اعلان محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام رضا ہال میں منعقدہ ایک سیمینار کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن اور ان کے سرٹیفکیٹ کے اجرا پر 7 سال تک کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

سیمینار کی صدارت ڈپٹی کمشنر نے کی، جبکہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ظہور حسین بھٹہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالغفور نے شرکاءکو بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کا محور عوامی خدمت ہے اور وزیراعلیٰ کا یہ اقدام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سات سال کے بعد پیدائش کے اندراج پر 200 روپے جبکہ اموات کے تاخیری اندراج پر 1000 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اپنے خاندان کے تمام افراد کا اندراج بروقت کرائے تاکہ سرکاری ریکارڈ درست اور مکمل ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کرائیں اور سرکاری عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔