وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ریلوے کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،وفاقی وزیرحنیف عباسی

1

لاہور۔1جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ریلوے کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہےاورمسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی،اس ضمن میں    ریلوے اسٹیشنز پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ  ملک بھر میں ٹریکنگ سسٹم کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ مسافر ٹرینوں کو اسی طرح ٹریک کر سکیں جیسے فلائٹس کو کیا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ریلوے ہیڈ کوارٹرز  میں پاکستان ریلوے اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے درمیان ریلوے کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر کیا۔

 معاہدہ پر پاکستان ریلوے کی جانب سے ڈائریکٹر آئی ٹی سید علی رضا جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی طرف سے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ پروکیورمنٹ عطا الرحمان نے دستخط کئے۔وفاقی وزیرحنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی معاونت سے 40 ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی نصب کیا جا رہا ہے، جسے عوام کیلئے  ایک تحفہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ تمام اسٹیشنز پر اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں گی اور تین بڑے ریلوے اسٹیشنز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی کارکردگی سے بہت متاثر ہوا ہوں۔وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈترقی کی راہ پر گامزن ہے۔  انہوں نے پنجاب کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلوے کے لیے بھی 350 ارب روپے کے میگا پروجیکٹس دئیے ہیں۔