لاہور، 23 جولائی (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ کی ماحول دوست ری سائیکلنگ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے شرکت کی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے وزیر کو پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام صرف صفائی تک محدود نہیں بلکہ اس کا دائرہ کار ویسٹ کی محفوظ ڈمپنگ اور ری سائیکلنگ تک پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیرس معاہدے کے تحت ویسٹ مینجمنٹ سے حاصل ہونے والے کاربن کریڈٹس کو کلیم کیا جائے گا، جس سے قومی معیشت کو اربوں روپے کا فائدہ ہوگا۔ وزیر بلدیات نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت لکھوڈیر میں ملک کا پہلا ماحول دوست ری سائیکلنگ پارک قائم کرے گی، جس سے صرف کاربن کریڈٹس کی مد میں سالانہ ایک ارب روپے تک کی آمدن متوقع ہے۔ ذیشان رفیق نے مزید کہا کہ جانوروں کی آلائشوں سے توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس سے روزانہ ایک ہزار ٹن توانائی پیدا ہونے کا تخمینہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون و بیرون ملک روڈ شوز منعقد کر کے سرمایہ کاروں کو ان منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حکومت کو بائیوگیس اور تعمیراتی اینٹیں بنانے کے لیے مختلف کمپنیوں سے پیشکشیں موصول ہوئی ہیں، اور ان منصوبوں کو مستقبل میں لاہور سمیت دیگر شہروں تک وسعت دی جائے گی۔