لاہور 22 جولائی ( اے پی پی ) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے سابق سپرسٹار کرکٹر محمد یوسف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں 1000 سپورٹس اکیڈمیاں بنا رہے ہیں۔تعلیمی اداروں میں سپورٹس کی سہولیات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک ایسوسی ایشن اور بیس بال فیڈریشن کے ساتھ ملکر کھیلوں کے فروغ پر کام جاری ہے۔ملاقات میں نوجوانوں میں کرکٹ کے رجحان کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 5 سکولوں اور 5 کالجوں میں کرکٹ اکیڈمیوں کا پائیلٹ پراجیکٹ شروع کریں گے۔ سابق کرکٹر محمد یوسف بطور کوچ کرکٹ اکیڈمیوں میں اپنی خدمات پیش کریں گے۔ نوجوانوں کو انگلینڈ میں ٹریننگ اور کاؤنٹی کھیلنے کا موقع بھی ملے گا۔ محمد یوسف نوجوانوں کو گراس روٹ لیول پر تربیت دیں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ نوجوانوں کو پریشر میں کھیلنا سکھانا بہت ضروری ہے۔ لڑکیوں کیلئے بھی سپورٹس اکیڈمیاں شروع کی جائیں گی۔ٹیکنالوجی کے ذریعے کھیلوں کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو یوٹیلائز کر رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کی طرف لا کر منشیات سے بچانا ہے۔