وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین  کی زیر صدارت شوگر سیکٹر سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

20

اسلام آباد،22 جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق،  رانا تنویر حسین نے آج شوگر سیکٹر سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (PSMA)، صوبائی زرعی محکموں اور ملک بھر سے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد چینی کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایکس مل ریٹ 165 روپے فی کلوگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس کے دوران وزیر نے چینی کی فراہمی کے نظام میں شفافیت اور منصفانہ طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ 24 گھنٹوں کے اندر اندر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں اور اضلاع کی سطح پر نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی فوری نشاندہی اور روک تھام ہو سکے۔ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ وزارت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔

 رانا تنویر حسین نے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ ذمے داری کا مظاہرہ کریں اور چینی کی بلا تعطل فراہمی اور منصفانہ قیمتوں کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔