وفاقی وزیر داخلہ  کا وزیر مملکت کے ہمراہ زیر تعمیر ماڈل جیل کا دورہ

16

اسلام آباد،01 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد سیکٹر ایچ 16 میں زیر تعمیر ماڈل جیل کا دورہ کیا۔ ماڈل جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے  پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو رواں برس  مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی اور کہا کہ دن رات کام کرکے تعمیراتی سرگرمیاں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ماڈل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے 90 دن کے اندر دو مزید بیرکوں کی تعمیر کی ہدایت دی اور کہا کہ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور مین کچن کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

اسلام آباد میں 14 برس سے زیر التوا ماڈل جیل  کی تعمیر کے  منصوبے پر کام تیز جاری ہے جس میں 2 بیرک مکمل ہوچکے،  چیک پوسٹیں اور مرکزی واچ ٹاور تکمیل کے قریب ہیں۔