وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے پاکستان کے اراکین سے ملاقات

27

لندن، 15 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے منگل کے روز برطانیہ کے ایوانِ نمائندگان (ہاؤس آف کامنز) میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ (APPG) برائے پاکستان کے اراکین سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے، پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور برطانوی پاکستانی برادری کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر تجارت نے ارکان پارلیمنٹ کو پاکستان میں حالیہ معاشی اصلاحات پر بریفنگ دی، جن کا مقصد معاشی استحکام اور جامع ترقی کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت ٹیرف میں اصلاحات، تجارتی سہولت کاری کے لیے پاکستان سنگل ونڈو کے قیام، اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مراعات پر مبنی خصوصی اقتصادی زونز کے قیام جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

ملاقات میں ماحولیاتی ٹیکنالوجیز، قابلِ تجدید توانائی، اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر میں تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ پاکستان کو برطانوی کاروباری اداروں کے لیے سپلائی چین کی متنوع منزل کے طور پر پیش کیا جا سکے۔

وزیر تجارت نے برطانیہ میں 17 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان ایک پل قرار دیا۔ فریقین نے پارلیمانی سطح پر روابط کے تسلسل اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کو جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا، تاکہ اسی روز دستخط شدہ یو کےـپاکستان ٹریڈ ڈائیلاگ میکنزم کے مثبت اثرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اقتصادی شراکت داری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔