وفاقی وزیر تجارت سے برطانوی وزیر اعظم کے پاکستان کے لیے تجارتی نمائندے  کی ملاقات

16

لندن، 15 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان سے تاریخی ہاؤس آف کامنز میں محمد یاسین ایم پی، برطانوی وزیر اعظم کے پاکستان کے لیے تجارتی نمائندے  کی ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔

وزیر تجارت نے محمد یاسین کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور جون 2025 میں ان کے حالیہ کامیاب دورہ پاکستان کو سراہا، جس نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعاون کی بنیاد رکھی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ طویل المدتی تعلقات کو بروئے کار لا کر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید گہرا کیا جائے گا۔

ملاقات میں یوکے-پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈائیلاگ کے آغاز کو ایک سنگ میل قرار دیا گیا، جس سے دو طرفہ اقتصادی روابط کو ادارہ جاتی بنیادوں پر فروغ ملے گا۔ وزیر تجارت نے اس ڈائیلاگ کے ذریعے مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کے حل، سرمایہ کاری کے فروغ، اور برطانیہ کی ڈیولپنگ کنٹریز ٹریڈنگ اسکیم (DCTS) کے تحت تجارتی حجم بڑھانے پر زور دیا۔

اس ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی ڈائسپورا کے اسٹریٹجک کردار کو بھی اجاگر کیا گیا، جو کاروباری روابط اور اختراعات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیر تجارت نے یوکے-پاکستان بزنس ایڈوائزری کونسل (UKPBAC) کے قیام کا خیرمقدم کیا اور ڈائسپورا کاروباری شخصیات اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان مربوط روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں فریقین نے قابلِ ذکر شعبہ جات جیسے قابلِ تجدید توانائی، آئی سی ٹی، زراعت اور اعلیٰ تعلیم میں تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی روابط کے قیام اور باہمی تبادلے کے امکانات پر بھی بات کی گئی تاکہ سیاسی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

یہ ملاقات برطانیہ کے ساتھ باہمی فائدہ مند تجارتی شراکت داری قائم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ ہے، جو جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔