لندن، 14 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پیر کے روز لندن میں برطانیہ کے وزیر برائے ہاؤسنگ، کمیونیکیشن اور مقامی حکومت لارڈ واجد خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔
وزیر تجارت جام کمال خان 14 سے 18 جولائی 2025 تک برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں،جس کا مقصد دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنا اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
ملاقات میں برطانیہ میں مقیم تقریباً 17 لاکھ پاکستانی نژاد افراد پر مشتمل مضبوط ڈائسپورا کو اقتصادی و سماجی روابط کے فروغ کیلئے ایک پل کے طور پر بروئے کار لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے لارڈ واجد خان کو پاکستان ـ یوکے بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام سے آگاہ کیا،جس کا مقصد ڈائسپورا کی مہارت اور نیٹ ورک کو تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے استعمال میں لانا ہے۔
ملاقات میں شہری ترقی، سستے مکانات اور اسمارٹ سٹی جیسے شعبوں میں تکنیکی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،جس میں برطانیہ کی مقامی حکومت اور اربن پلاننگ کے شعبوں میں مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستانی شہری اداروں کو برطانوی کونسلز سے جوڑنے سے علم کے تبادلے اور پائلٹ پروگرامز کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جس سے دونوں ممالک کی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچے گا۔
وفاقی وزیر نے جامع ترقی اور علاقائی روابط کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور میونسپل سطح پر شراکت داری کے لیے برطانیہ کی حمایت کی دعوت دی۔ انہوں نے لارڈ واجد خان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ دوطرفہ تعاون کے ابھرتے ہوئے مواقع کا خود مشاہدہ کر سکیں۔
یہ ملاقات پاکستان کی ڈائسپورا پر مبنی اقتصادی سفارت کاری اور برطانیہ کے ساتھ شعبہ جاتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔











