وفاقی وزیر خالد حسین مگسی کا پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کمپلیکس لاہور کا دورہ

18

 وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے آج پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کمپلیکس لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر قرۃالعین سید نے انہیں ادارے کے دس مرکزی تحقیقی مراکز میں جاری سائنسی منصوبوں اور تحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے ڈسپلے ہال کا مشاہدہ کیا، جہاں دواسازی، خوراک، کیمیکل، بایوٹیکنالوجی، لیبارٹری آلات اور توانائی کی بچت سے متعلق گھریلو مصنوعات سمیت مختلف شعبوں میں تیار کردہ مقامی ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن سپورٹ سینٹر (TISC) کا بھی دورہ کیا، جہاں پیٹنٹ وال کے ذریعے پی سی ایس آئی آر کی رجسٹرڈ ایجادات اور صنعت کے ساتھ علم کی منتقلی کے اقدامات سے آگاہی فراہم کی گئی۔

 دورے کا نمایاں پہلو انڈسٹریل ہیمپ سے تیار کردہ مصنوعات کی پیشکش تھی، جن میں خوراک، کاسمیٹکس، ادویات اور ماحول دوست تعمیراتی مواد شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے ان مصنوعات کے معیار، حفاظت اور پائیداری کو سراہتے ہوئے تحقیقی و صنعتی سرگرمیوں کو حکومتی سرپرستی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے انڈسٹریل ہیمپ پر مبنی مصنوعات کی تیاری کے لائسنس کے اجرا کو قومی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔