پرانا سکھر میں مسجدکے نام سے منسوب ساڑھے تین سو سالہ قدیمی تعزیہ برآمد

7

سکھر۔01جولائی(اے پی پی)پرانا سکھر میں مسجدکے نام سے منسوب ساڑھے تین سو سالہ قدیمی تعزیہ برآمد ہوا، انتظامیہ کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے، پولیس او رینجرز کے ساتھ ساتھ سیکڑوں رضاکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔شہدائے کر بلا کی یاد میں پانچ محرم الحرام کو نکالا جانے والاساڑھے تین سو سالہ قدیمی (مسجد کا ماتم )پرانا سکھر کے علاقے لعل کے مقام سے نکا لا گیاجوجنات بلڈنگ، شاہی بازار، معصومی امام بارگاہ اور دیگرعلاقوں سے ہوتا ہواڈتل شا ہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس میں سکھر، روہڑی، خیر پور کے علاوہ سندھ کے دیگر علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شر کت کی اورسینہ زنی و نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو پرسہ دیا، منتظمین کے مطابق یہ جلوس 350 سے 400 سال سے ہر سال پانچ محرم کو برآمد کیا جاتا ہے جو کہ لعل کے مقام سے شروع ہوکر رات گئے ڈتل شاہ قبرستان پر اختتام پذیر ہوتا ہے اور اس ماتمی جلوس میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار شرکت کرتے ہیں جن میں ہر سال مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

سکھر انتظامیہ کی جا نب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ماتمی جلوس کے اختتام تک پرانا سکھر کی طرف آنے والے تمام راستے گاڑیوں کے لیے بند رکھے گئے جبکہ ماتمی جلوس کی گزرگارہوں پرآنے والی تمام گلیوں کو سیل کیا گیا تھامختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرئے لگا ئے گئے جن کے ذریعے ماتمی جلوس کی نگرانی کی جا تی رہی جبکہ ماتمی جلوسوں کی گذر گا ہوں اورپرانا سکھر کی گلیوں محلوں اور راستوں پر پولیس و رینجرز کی بھاری تعداد تعینات کی گئی، شہریوں کی جانب سے عزاداروں کی سہولت کے لیے پانی، چائے و شربت کی سبیلیں لگائی گئیں جبکہ مختلف اسکاﺅٹس تنظیموں، سول ڈیفنس و دیگر رضاکاروں کی جانب سے عزاداروں کو فوری طبی امداد پہنچا نے کے لیے طبی کیمپ بھی لگائے۔