ملتان ،یکم جولائی (اے پی پی ):وہاڑی روڈ کی ازسرنو تعمیر کا منصوبہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت ملتان ڈویژن کے تین اضلاع کو آپس میں جوڑنے والی 93 کلومیٹر طویل سڑک پر 12 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیا جا رہا ہے۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے زیرتعمیر روڈ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور بس شیڈز سمیت تمام سہولیات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان ڈویژن کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر بیک وقت تینوں اضلاع میں کام جاری ہے اور دسمبر 2026 تک سڑک کو مکمل طور پر فنکشنل کر دیا جائے گا۔ ضلع خانیوال میں واقع 6 کلومیٹر طویل حصہ دسمبر 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے میں ضلع ملتان کا 19.20 کلومیٹر، ضلع خانیوال کا 6 کلومیٹر جبکہ ضلع وہاڑی کا 49.60 کلومیٹر طویل حصہ شامل ہے۔
کمشنر ملتان نے واضح کیا کہ آبادی والے علاقوں میں سڑک کے دونوں اطراف نکاسی آب کے موثر نظام کی تنصیب یقینی بنائی جائے تاکہ بارش یا استعمال کے دوران پانی سڑک پر کھڑا نہ ہو اور اس کی پائیداری متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ ڈرینیج سسٹم کی مکمل فعالیت بھی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے حکومت پنجاب نے درکار فنڈز فراہم کر دیے ہیں جبکہ اضافی کیرج وے کی تعمیر پر بھی 13 ارب روپے کی لاگت سے کام جاری ہے۔
ایس ای ہائی ویز کے مطابق سروسز کی منتقلی کے لیے متعلقہ محکموں کو فنڈز منتقل کیے جا چکے ہیں جبکہ تعمیراتی عمل کے لیے ٹیکنیکل سٹاف کو متحرک کر دیا گیا ہے اور اسفالٹ پلانٹ کی تنصیب بھی مکمل ہو چکی ہے۔غلام نبی نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس موقع پر ایکسئن ہائی ویز حیدر علی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبے کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔