ملتان، 1جولائی(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے عوامی شکایات کے پیش نظر رجسٹری برانچ کینٹ اور سٹی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے سروس ڈیلیوری، عملے کی حاضری اور عوام کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے سب رجسٹرار کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کھلی کچہری یا کسی بھی سرکاری مصروفیت سے قبل دفتر کے باہر واضح نوٹس آویزاں کیا جائے تاکہ دور دراز سے آنے والے سائلین کو پریشانی نہ ہو۔
عامر کریم خاں نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کی رجسٹریشن سے متعلق شکایات سنیں اور متعدد مسائل کا فوری ازالہ بھی کیا۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ رجسٹریشن برانچ میں عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری، تاخیر یا غیرضروری رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ پراپرٹی رجسٹریشن، ریکارڈ کی فراہمی اور دیگر سروسز میں انتظامی کوتاہی یا شکایت کسی صورت قابل قبول نہیں۔
کمشنر نے کہا کہ رجسٹری برانچ میں رشوت ستانی، ریکارڈ میں ٹیمپرنگ یا کسی قسم کی بدعنوانی کی شکایت سامنے آئی تو سخت احتساب کیا جائے گا۔ سب رجسٹرارز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دفاتر میں مقررہ اوقات میں موجود رہیں تاکہ ٹاؤٹ مافیا کی سرکوبی ممکن ہو اور عوام کو بروقت اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔ مزید یہ کہ برانچ میں کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کر کے عوام کو فوری خدمات دی جائیں اور خصوصی طور پر خواتین و ضعیف العمر افراد کو لمبے انتظار سے بچایا جائے۔
عامر کریم خاں نے اس بات پر زور دیا کہ رجسٹری برانچ کا موجودہ کلچر ختم کر کے اسے صحیح معنوں میں عوامی خدمت کا مرکز بنایا جائے۔ انہوں نے ریکارڈ روم میں سی سی ٹی وی کیمرے فعال کرنے، سکیورٹی سخت کرنے اور پرائیویٹ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی کی ہدایت بھی جاری کی۔ کمشنر ملتان نے رجسٹری برانچ کے تمام انتظامی معاملات کو فوری طور پر درست کرنے اور سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کے احکامات دیے تاکہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور باعزت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔