ملتان، 25جولائی(اے پی پی): کچہری چوک ملتان میں ٹریفک بلاکج کے مسائل کے حل کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ڈسٹرکٹ بار ملتان کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صدر ڈسٹرکٹ بار جاوید ڈوگر اور سیکرٹری جنرل ملک عدنان احمد شامل تھے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچہری میں چار منزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، جسے اگلے ماہ فنکشنل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارکنگ پلازہ میں صرف بجلی کے کنکشن کی ضرورت ہے، جس کے ڈیمانڈ نوٹ کے لئے فنڈز دستیاب ہیں اور محکمہ خزانہ سے بار کوڈ حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے سسٹم لانچ ہونے کے بعد ادائیگی کے لیے بار کوڈ کا حصول ضروری ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جنوبی پنجاب کو پارکنگ پلازہ کو جلد از جلد فعال کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے تاکہ کچہری چوک میں ٹریفک بلاکج کے مسائل حل ہو سکیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ وکلاء سائلین کو انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور کچہری میں وکلاء اور سائلین کے لئے سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
صدر ڈسٹرکٹ بار جاوید ڈوگر نے بتایا کہ پارکنگ پلازہ میں 220 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی، اور پلازہ فعال ہونے کے بعد کچہری فلائی اوور کے نیچے یلو لائن سے باہر گاڑیوں کی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ملک عدنان احمد نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ملتان صوبہ کی دوسری اور جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی بار ایسوسی ایشن ہے۔ جوڈیشل ٹاور اور پارکنگ پلازہ کی تکمیل سے ضلع کچہری کے بہت سے دیرینہ مسائل حل ہو جائیں گے۔