گوادر، 16 جولائی )اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے گوادر میں فش انڈسٹری اور چیمبر آف کامرس کے نمائندگان سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں مقامی صنعت کو درپیش مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے دوران انڈسٹریل زونز میں بجلی اور پانی کی کمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے چیلنجز زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر نے فش انڈسٹری کو مکمل حکومتی تعاون فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مقامی صنعت کاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کو کنسورشیم کی صورت میں آگے آنا چاہیے تاکہ مشترکہ شراکت سے ایک مضبوط صنعتی ماڈل تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر کے عوام کی براہ راست شمولیت ہی مقامی صنعت کی پائیدار ترقی کی ضمانت بن سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں کے اعتماد اور شفافیت سے ہی بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے، جو صنعتی فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے صنعتی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں جاری حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا اور ہدایت کی کہ کراچی میں ملکی فش انڈسٹری سے وابستہ سرمایہ کاروں کا اجلاس آئندہ دو روز میں بلایا جائے تاکہ قومی سطح پر مربوط پالیسی تشکیل دی جا سکے۔











