اسلام آباد،17 جولائی )اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک و قوم کی حفاظت کیلئے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والوں کیلئے سول ایوارڈز کی نامزدگی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں مجموعی طور پر 71 افراد کیلئے مختلف سول اعزازات کی منظوری دی گئی ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی حفاظت کیلئے جان نچھاور کرنے والوں اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے،ان لوگوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کی بے مثل خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم ان بہادر سپوتوں کی ہمیشہ مشکور رہے گی ۔ شہدائے وطن ہمارے سر کا تاج ہیں۔ ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، غازی قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی جرات پر سب کو ناز ہے،شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، ڈپٹی ڈی جی آئی بی اور تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور سیکرٹریز داخلہ اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔









