گوادر پورٹ پر اعلیٰ سطحی اجلاس،بندرگاہ کی مکمل فعالیت اور فیری سروس کے آغاز کا اعلان

1

اسلام آباد، 01 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت گوادر بندرگاہ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گوادر پورٹ کی استعداد کار بڑھانے، نئی شپنگ لائنز اور خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس کے آغاز سمیت دیگر ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اب مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے اور اس کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گوادر سے خلیجی ممالک کے لیے نئی فیری سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف سمندری سفر کو آسان اور سستا بنائے گی بلکہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔

جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ سے نئی شپنگ لائنز جلد فعال ہوں گی، جس سے بندرگاہوں پر دباؤ کم ہوگا اور مال برداری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے وسط ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے ساتھ تجارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور خلیجی ممالک کے ساتھ عوامی رابطے بھی فروغ پائیں گے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ میری ٹائم شعبے میں ترقی قومی معیشت کو تقویت دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات جاری ہیں اور حکومت کا عزم ہے کہ گوادر کو ایک مکمل تجارتی مرکز بنایا جائے۔