لاہور، 2 جولائی (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے عمان کے بوشر بائیکرز کلب سے تعلق رکھنے والے بائیکرز وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور عمان کے مابین عوامی، ثقافتی اور سیاحتی تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ عمانی بائیکرز کا دورہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمانی بائیکرز پاکستان کے بارے میں مثبت پیغام دنیا بھر میں پہنچائیں گے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور ایک پرامن ایٹمی قوت ہے، اور اس نے ہمیشہ اسلامی ممالک کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے عالمی فورمز پر بھرپور آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے، اور دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے بھارت جیسے بڑے دشمن کو شکست دے کر جنگی تاریخ رقم کی، اور یہ ہماری قوم کی جرات، عزم اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کھیل، سیاحت اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ عمانی وفد نے پاکستان میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں آ کر بہت خوش ہوئے ہیں، اور پاکستانیوں کی محبت کو کبھی نہیں بھلا سکیں گے۔ وفد نے اپنے دورے کو اتحاد، دوستی اور علاقائی تعاون کے فروغ کا پیغام قرار دیا۔ وفد کی قیادت عمانی بوشر بائیکرز کلب کے رکن محمد النبھانی نے کی۔ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدر میاں منیر ہنس، نائب صدر کاشف، عاطف، اور بائیکرز کلب کے ممبران عیسی الحسنی، کامل اے آئی وہبی، ماجد الرواحی، محمد منینی، ماجد الوہابی اور محمد الرواحی بھی شریک تھے۔