وزیر ہاؤسنگ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، 10 نئے اضلاع میں واسا پنجاب کو مکمل فعال کرنے کی تیاریوں کا جائزہ

10

لاہور،01 اگست (اے پی پی):وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت واسا کو فعال بنانے اور غیر ذمہ دار افسران کے خلاف ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چار افسران کو فوری طور پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ریسرچ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں 10 نئے اضلاع میں واسا پنجاب کو مکمل فعال کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر ہاؤسنگ نے غیر تسلی بخش کارکردگی اور محض برائے نام ڈیوٹی کرنے والے افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید، ایڈیشنل سیکرٹری اور دیگر اہم ممبران شریک ہوئے۔ ریسرچ کمیٹی نے مختلف اضلاع میں ایڈمن اینڈ فنانس ڈائریکٹرز کی تقرری کے لیے 10 امیدواروں کے انٹرویوز بھی کیے۔ ڈائریکٹر واسا گوجرانوالہ منیر احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر رانا غلام مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس واسا ملتان منصور احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد وسیم عباس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ نئے واساز کے قیام کے لیے صرف اہل، قابل اور محنتی افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “وقت قیمتی ہے، ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرسکتے، افسران تنخواہیں لیتے ہیں تو انہیں کارکردگی بھی دکھانا ہوگی۔” وزیر ہاؤسنگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع میں واسا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس (پی ایچ ایز) کے قیام کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو صاف پانی، نکاسی اور دیگر شہری سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔