اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

19

ملتان ، 11 اگست  (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سید حمیرا شاہ نے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد طبی سہولیات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات، صفائی ستھرائی اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے ڈائیلسز وارڈ،لیبر روم اور مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ان کے مسائل دریافت کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی اور مریضوں کے لیے بیٹھنے، پینے کے پانی اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔